شبلی فراز سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے عہدے سے فارغ
Shibli Faraz Ousted
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شبلی فراز کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے عہدے سے فارغ کر دیا گیا۔

سینیٹ سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق شبلی فراز کو 9 مئی کیس میں سزا سنائے جانے کے بعد نااہل قرار دیا گیا، جبکہ ان کا عہدہ 5 اگست سے باضابطہ طور پر خالی تصور کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ 31 جولائی کو فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق مقدمے میں 185 ملزمان میں سے 108 کو سزا سنائی تھی۔ عدالت کے فیصلے کے تحت شبلی فراز کے ساتھ ساتھ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب، پارلیمانی لیڈر زرتاج گل اور سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کو بھی 10، 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عمر ایوب اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے فارغ

عدالتی فیصلے میں کہا گیا تھا کہ ملزمان پر پرتشدد احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور حساس ادارے پر حملے کے الزامات ثابت ہوئے ہیں، جس کی بنیاد پر یہ سزائیں سنائی گئیں۔

 سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ شبلی فراز کی برطرفی سے سینیٹ میں اپوزیشن کی قیادت میں بڑا خلاء پیدا ہو گیا ہے، اب نئے قائد حزب اختلاف کے انتخاب کیلئے اپوزیشن جماعتوں میں مشاورت کا عمل شروع ہونے کا امکان ہے۔