نان فائلرز کے بینک سے رقم نکلوانے پر ٹیکس میں اضافہ
Bank Withdrawal Tax
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے نان فائلرز کیلئے بینک سے رقم نکلوانے اور پراپرٹی کی خرید و فروخت پر ٹیکس کی شرح میں بڑی تبدیلیاں کر دیں۔

ایف بی آر کے مطابق اب ایکٹیو ٹیکس پیئرز لسٹ (ATL) میں شامل نہ ہونے والے افراد اگر روزانہ 50 ہزار روپے سے زائد رقم بینک سے نکلوائیں گے تو ان پر 0.8 فیصد ایڈوانس ایڈجسٹیبل ٹیکس لاگو ہوگا۔ اس سے قبل یہ شرح 0.6 فیصد تھی۔ ہر بینکنگ کمپنی کو اختیار ہوگا کہ وہ نان فائلرز سے یہ ٹیکس براہِ راست منہا کرے۔

غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت یا منتقلی پر بھی ٹیکس شرح میں ردوبدل کیا گیا ہے، پراپرٹی کے خریدار کو ریلیف دینے کیلئے ود ہولڈنگ ٹیکس میں 1.5 فیصد کمی کر دی گئی ہے، تاہم پراپرٹی بیچنے یا منتقل کرنے والے کیلئے ہر سلیب میں 1.5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، تاکہ فروخت پر حاصل ہونے والے کیپٹل گین کو ایڈجسٹ کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:ریٹائرڈ ملازمین کو 5 پنشن ایڈ ہاک ریلیف دینے کی منظوری

 

 

نئی شرح کے مطابق 5 کروڑ روپے مالیت تک کی پراپرٹی خریدنے پر ٹیکس 3 فیصد سے کم ہو کر 1.5 فیصد ہو گیا ہے۔ اسی طرح 10 کروڑ روپے تک کی پراپرٹی پر ٹیکس 3.5 فیصد سے کم ہو کر 2 فیصد کر دیا گیا ہے، جبکہ 10 کروڑ سے زائد مالیت کی پراپرٹی پر 4 فیصد کے بجائے اب 2.5 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

معاشی ماہرین کے مطابق یہ اقدامات ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے اور جائیداد کے لین دین کو منظم بنانے کی کوشش ہیں، تاہم نان فائلرز کیلئے بینکنگ لین دین مزید مہنگا ہو جائے گا۔