اپنا میٹر اپنی ریڈنگ مہم سے 10 لاکھ سے زائد صارفین مستفید
پاکستان بھر میں اپنا میٹر اپنی ریڈنگ مہم کو غیر معمولی پذیرائی ملی ہے اور اب تک 10 لاکھ سے زائد صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں
اپنا میٹر اپنی ریڈنگ مہم سے اب تک 10 لاکھ سے زائد صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں/فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان بھر میں اپنا میٹر اپنی ریڈنگ مہم کو غیر معمولی پذیرائی ملی ہے اور اب تک 10 لاکھ سے زائد صارفین اس سہولت سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔

وزارت توانائی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ اقدام حکومت کی اس وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد زائد بلنگ اور غلط میٹر ریڈنگ جیسے مسائل پر قابو پانا ہے، اس مہم کے ذریعے صارفین کو با اختیار بنانے کے لئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا موثر استعمال کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ریٹائرڈ ملازمین کو 5 پنشن ایڈ ہاک ریلیف دینے کی منظوری

یہ منصوبہ پاور اسمارٹ ایپ کے ذریعے متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے بجلی کے صارفین اپنی میٹر ریڈنگ خود جمع کرا سکتے ہیں۔ صارفین میٹر کی تصویر اپ لوڈ کر کے بلنگ میں غلطیوں، تاخیر اور تنازعات کے امکانات کو کم کر سکتے ہیں جس سے ایک شفاف اور منصفانہ نظام تشکیل پاتا ہے۔

ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر نے آئندہ سال کو بجلی کے شعبے میں بہتر سروس اور صارفین کے اطمینان کا سال قرار دیا ہے جو حکومت کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے کہ صارفین کو سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جائے گی۔