
جسٹس خالد اسحاق نے پی ٹی آئی کے اکمل خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں حکومت پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج کیلئے مہم چلا رہے ہیں۔ درخواست گزار کے بھائی سمیت 250 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا، استدعا ہے کہ عدالت پی ٹی آئی کے 250 مغوی کارکنوں کی بازیابی کا حکم دے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد شائستہ کنڈی نے 5 اگست احتجاج پردرج مقدمہ میں گرفتارپی ٹی آئی کی 7 خواتین کارکنوں کی ضمانت بعدازگرفتاری درخواستوں میں پولیس ریکارڈ نہ آنے پر سماعت ملتوی کر دی۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات کیلئے مشروط رضامندی ظاہر کردی
گزشتہ روز سماعت کے دوران پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے ضمانت کیلئے دو، دو درخواستیں دائر کی گئیں، علی بخاری ایڈووکیٹ نے کہا ان بزرگ خواتین سے کوئی برآمدگی نہیں ہوئی، عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کر دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفرازڈوگر نے تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ کی حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے وفاق اور وفاقی پولیس کو پیر کیلئے نوٹس جاری کردیئے۔
سماعت کے دوران سلمان اکرم عدالت پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ مزید کچھ مقدمات سامنے آگئے ہیں،اب تک کتنی ایف آئی آرز ہوچکی ہیں مجھے علم نہیں، تفصیلات آنے تک حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرسکوں، عدالت نے حفاظتی ضمانت منظورکرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔