تحریک انصاف نے حکومت سے مذاکرات کیلئے مشروط رضامندی ظاہر کردی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت سے مذاکرات پر مشروط رضامندی ظاہر کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد:(سنو نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے حکومت سے مذاکرات پر مشروط رضامندی ظاہر کردی۔

رہنما تحریک انصاف و رکن قومی اسمبلی چودھری نثار جٹ نے سنو نیوز کے پروگرام برعکس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے ، کسی بھی قسم کا معاملہ ہو چاہے وہ قومی سلامتی کا معاملہ ہی کیوں نہ ہو تحریک انصاف کے حتمی فیصلے کا اختیار عمران خان کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے ہماری سیاسی قیادت کو بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، ہمیں گھنٹوں دھوپ میں کھڑا کردیا جاتا ہے، اگر ہماری سیاسی قیادت کی عمران خان سے ملاقاتیں جاری رہتیں تو ملک میں غیر یقینی کی صورتحال نہ ہوتی ،بہت ساری چیزیں واضح ہو جاتیں۔

نثار جٹ کا کہنا تھا کہ جو بانی پی ٹی آئی سے ملنے جاتے ہیں ان کا لسٹ میں نام بھی نہیں ہوتا لیکن سیاسی لوگوں کو عمران خان سے ملنے نہیں دیا جاتا، اگر سیاسی لوگوں کو بانی پی ٹی آئی عمران خان تک رسائی دے دیں تو ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان نے احتجاج کیلئے نئی تاریخ دے دی

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ جب پہلے حکومت سے مذاکرات ہوئے تو ہماری عمران خان سے صرف ایک ملاقات ہوئی اس کے بعد ملاقات سے روک دیا گیا جس کی وجہ سے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں، جب تک تحریک انصاف کے سیاسی لوگ بانی سے نہیں ملیں گے تب تک سیاسی درجہ حرات نیچے نہیں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت خود مذاکرات نہیں چاہتی، حکومت خود تقسیم کا شکار ہے، حکومت کے پاس کوئی پالیسی نہیں ہے، لیکن اس سب کے باوجود ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں، ہمیں عمران خان تک رسائی دے دیں یا خود عمران خان سے رابطہ کر لیں سیاسی صورتحال میں بہتری آجائے گی۔

میزبان رانا مبشر نے سوال کیا کہ تحریک انصاف ہر چوتھے دن احتجاج کی کال کیوں دے دیتی ہے؟ جس پر نثار جٹ نے جواب دیا کہ 9 مئی ایک سانحہ تھا جو کہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اس سانحہ سے پاکستانی سیاست میں بہت بڑا خلا پیدا ہوا، 9 مئی کیس میں فیئر ٹرائل کے بعد قصوروار کو سزائیں دی جائیں۔