
راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (RODA) کے تحت منصوبے کو جدید، پائیدار اور سہولیات سے بھرپور شہری ماڈل کے طور پر تیار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں راوی سٹی پراجیکٹ پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس میں سی ای او روڈا عمران امین نے بریفنگ دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں جاری کاموں سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں روڈ انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، رہائشی، کمرشل اور تفریحی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ لاہور کے موجودہ ٹرانسپورٹ نظام کو راوی سٹی کے ماسٹر پلان سے ہم آہنگ کیا جائے گا تاکہ شہر میں مربوط سفری سہولیات میسر ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں الیکٹرک ٹرام منصوبے پر اہم پیش رفت، نیا روٹ فائنل
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق، راوی سٹی کے تفریحی مقامات کو جلد مکمل کرنے اور آبادکاری و کمرشل سرگرمیوں کے فوری آغاز کا پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ موجودہ آبادیوں اور دیہات کو سسٹین ایبل ماڈل کے مطابق بنیادی سہولیات کی فراہمی پر بھی زور دیا جا رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ راوی سٹی پراجیکٹ نہ صرف لاہور بلکہ ملحقہ شہروں کی ترقی میں بھی سنگِ میل ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق سسٹین ایبل ترقی کی جانب یہ ایک اہم پیش قدمی ہے۔