
اسمبلی سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق شیخ وقاص اکرم کی رکنیت کے خاتمہ کی تحریک 7 روز بعد ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی میں پیش کی جائے گی، شیخ وقاص اکرم کی رکنیت کے خاتمہ کے لئے ووٹنگ قومی اسمبلی کے رواں سیشن کے دوران ہی ہو گی۔
یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ایوان کو پہلے ہی شیخ وقاص کی بغیر درخواست کے مسلسل غیر حاضری سے آگاہ کر چکے ہیں، گزشتہ روز سیالکوٹ سے رکن قومی اسمبلی سیدہ نوشین افتخار نے اس حوالہ سے تحریک ایوان میں پیش کی تھی۔
اسمبلی ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی اسمبلی سے تحریک کی منظوری کے بعد شیخ وقاص اکرم کی رکنیت ختم ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان و بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت ملتوی
علاوہ ازیں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہل ارکان کی فہرست موصول ہونے کے بعد کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، قومی اسمبلی کے ارکان کے ریکارڈ اور فہرست کو اپڈیٹ کیا جا رہا ہے۔
ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا بتانا ہے کہ نا اہل ارکان کو اراکین اسمبلی کی فہرست سے خارج کرنے کے بعد نئی فہرست اور پارٹی پوزیشن جلد جاری کی جائے گی، قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کو بھی نئے ریکارڈ کے مطابق اپڈیٹ کردیا جائے گا۔