ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کا الرٹ جاری
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 8 اگست تک ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی خطرات کا الرٹ جاری کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 8 اگست تک ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں شدید مون سون بارشوں اور سیلابی خطرات کا الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے بتایا گیا کہ قومی ایمرجنسی آپریشن مرکز کے مطابق دریائے سندھ، چناب اور راوی میں پانی کی آمد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، راوی و چناب کے نالوں میں درمیانے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے جبکہ مرالہ پر چناب میں کم درجے کا سیلاب متوقع ہے۔

ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ تربیلا، گڈو اورسکھر بیراج میں پانی کی سطح نچلی مگر بارشیں چشمہ و تونسہ کو بھی کم درجے کے سیلاب کی طرف دھکیل سکتی ہیں، دریائے جہلم (منگلا کے اوپر) اور اس کے معاون دریاؤں میں درمیانی سطح کی روانی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا کہ سوات، پنجگوڑہ، کابل اور ان سے ملحقہ ندی نالے طغیانی کی زد میں آ سکتے ہیں لہذا نوشہرہ کے عوام محتاط رہیں، گلگت بلتستان کے علاقوں ہنزہ، شگر، گانچھے کے علاقوں میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے تاہم مقامی افراد سیلاب سے ہوشیار رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 94 فیصد اور منگلا ڈیم 61 فیصد تک بھر چکا ہے جبکہ مزید پانی کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، رات کے وقت ندی نالوں کے قریب رہائش پذیر افراد خاص طور پر چوکنا رہیں، نشیبی علاقوں کے عوام محفوظ مقامات اور محفوظ راستوں کی شناخت کریں، ایمرجنسی کٹس اور ضروری ادویات تیار رکھیں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ شہری علاقوں، خاص طور پر شمال مشرقی و وسطی پنجاب میں نکاسی آب کا نظام الرٹ پر رکھا جائے، نشیبی پلوں، کاز ویز اور پانی سے بھرے راستوں سے گریز کریں، 6 انچ پانی بالغ انسان کو اور 12 انچ گاڑی کو بہا سکتا ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سرکاری انتباہات، موبائل پیغامات اور آفات خبردار کرنے والی ایپ پر نظر رکھیں۔