ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) محکمہ موسمیات نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کردی۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق آج رات اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلود رہنےکے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ اسلام آباد کے چند علاقوں میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں رات کے اوقات میں دیر، چترال، سوات، بونیر، شانگلہ، کوہستان اور بٹگرام میں بارش کا امکان ہے جبکہ مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مالاکنڈ، مردان اور صوابی میں بھی بادل برسیں گے۔

اسی طرح پشاور،باجوڑ،مہمند،کرم،خیبر، اورکزئی، کوہاٹ، کرک میں بارش ہے جبکہ لکی مروت، بنوں، وزیرستان اور ٹانک میں بھی بارش کا امکان ہے۔

موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، اٹک، جہلم، گجرات کے چند مقامات پر بادل برسیں گے جبکہ گوجرنوالہ، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش متوقع ہے۔

اسی طرح سیالکوٹ،شیخو پورہ،نارووال، لاہور،سرگودھا ، میانوالی،فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور خوشاب کے چند مقامات پر بھی بارش کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رواں ہفتے کے دوران شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

سندھ کے بیشتر اضلاع میں رات کے اوقات میں موسم گرم، حبس اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا تاہم عمر کوٹ،تھرپارکر،سانگھڑ، مٹھی اورمیر پور خاص میں چند مقامات پر بارش کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آج رات موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان تاہم بارکھان، موسیٰ خیل، لورالائی، خضدار اور آواران میں بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے موسلادھار بارشوں کے پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی ہے جس میں دریائے چناب میں (مرالہ، خانکی، قادرآباد) اور دریائے جہلم (منگلا کے بالائی علاقوں) میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ تیزہونے کا امکان ہے جبکہ سوات و پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں طغیانی کا اندیشہ ہے، تربیلا، کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج نچلے درجے کا بہاؤ موجود تاہم آئندہ دنوں میں درمیانے درجے تک پہنچنے کا امکان ہے۔

ایڈوائزری میں ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں گلگت بلتستان کے علاقوں ہنزہ،گھانچے اور شگر میں اچانک سیلابی صورتحال اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔