
ریٹرننگ افسر عثمان غنی نے بتایا کہ لاہو رکے حلقہ این اے 129 میں 25 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حافظ میاں نعمان اور رانا مشہود نے کاغذات جمع کرائے، تحریک انصاف کے رہنما میاں حماد اظہر، میاں اویس انجم نے کاغذات جمع کرائے۔
آر او کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے معروف شاعر حبیب جالب کی بیٹی طاہرہ جالب اور آصف ناگرہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، امیدواروں کی عبوری فہرست کل آویزاں کی جائے گی جبکہ 8 اگست سے جانچ پڑتال کا عمل شروع ہو گا۔
انتخابی شیڈول کے مطابق امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال 11 اگست تک مکمل کر لی جائے گی جبکہ انتخابی نشانات 26 اگست تک امیدواروں کو الاٹ کیے جائیں گے، این اے 129 میں ضمنی الیکشن کا میدان 18 ستمبر کو سجے گا۔
یہ بھی پڑھیں: حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی واپس
دوسری جانب ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آر او آفس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار حماد اظہر کے کا غذات نامزدگی واپس کر دیئے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی میں 13 میں سے ایک پوائنٹ مکمل نہیں تھا، جو کاغذات کی منظوری کیلئے ضروری ہے۔
خیال رہے کہ لاہور کے حلقہ این اے 129 کی نشست پی ٹی آئی رہنما میاں حماد اظہر کے والد میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، الیکشن کمیشن کی جانب سے ضمنی انتخاب کیلئے شیڈول جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق آج کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آخری روز تھا۔