این اے 129 ضمنی انتخاب: حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی واپس
Hammad Azhar nomination papers
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) این اے 129 لاہور میں ضمنی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ،پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امیدوار حماد اظہر کے کا غذات نامزدگی آر او آفس نے واپس کر دیئے۔

تفصیلات کے مطابق  این اے 129 لاہور میں ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما حماد اظہر کو غیر متوقع صورت حال کا سامنا کرنا پڑا، جب ریٹرننگ آفیسر (آر او) آفس نے ان کے کاغذات نامزدگی واپس کر دیے۔

آر او آفس کے ذرائع کے مطابق حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی میں 13 میں سے ایک پوائنٹ مکمل نہیں تھا، جو کاغذات کی منظوری کیلئے ضروری ہے۔ آر او کا کہنا ہے کہ یہ اعتراض معمولی نوعیت کا ہے، اور اگر یہ غلطی دور کر دی جائے تو دوبارہ کاغذات جمع کرائے جا سکتے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حلقوں میں اس خبر کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، کیونکہ حماد اظہر کو اس حلقے میں مضبوط امیدوار تصور کیا جا رہا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایک اور رہنما ارسلان ظہیر نے بھی ضمنی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے ہیں۔ تاہم پارٹی کے ترجمان سینٹرل میڈیا کمیٹی کا کہنا ہے کہ ارسلان ظہیر پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ یہ صورتحال حلقہ این اے 129 میں سیاسی گہما گہمی کو مزید بڑھا رہی ہے، جس کے باعث آئندہ چند دنوں میں سیاسی میدان مزید گرم ہونے کا امکان ہے۔