پیٹرولیم لیوی سے حکومت کی نان ٹیکس آمدن 4.96 کھرب روپے تک پہنچ گئی
Petroleum Levy
فائیل فوٹو
(ویب ڈیسک): وفاقی حکومت کی نان ٹیکس آمدن 4 ہزار 959 ارب روپے تک پہنچ گئی جس میں سب سے بڑا حصہ پیٹرولیم لیوی کی ریکارڈ وصولیوں پرہے۔

 وفاقی حکومت کی نان ٹیکس آمدن مالی سال 2024 تا 25 میں ریکارڈ 4 ہزار 959 ارب روپے تک جا پہنچی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں ایک ہزار 468 ارب روپے زیادہ ہے۔ یہ اضافہ بنیادی طور پر پیٹرولیم لیوی کی  وصولیوں اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP) سے منافع کی مد میں منتقل ہونے والی رقم کی وجہ سے ممکن ہوا۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم لیوی کی وصولیاں گزشتہ مالی سال کے 1,019 ارب روپے سے بڑھ کر 1,220 ارب روپے تک پہنچ گئیں ہیں جبکہ موجودہ مالی سال میں اس سے بھی زیادہ یعنی 1,468 ارب روپے وصول ہونے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پیپلز پارٹی کا یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم لیوی سال بھر میں بتدریج بڑھتی رہے گی۔ اسٹیٹ بینک کے نفع سے 2,619 ارب روپے نان ٹیکس آمدن میں شامل ہوئےہیں۔ اس سے یہ پیٹرولیم لیوی کے بعد دوسرا سب سے بڑا ذریعہ بن گیا۔ فی الوقت پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی 78 روپے فی لیٹر تک جا پہنچی ہے جس سے اگلے مالی سال 2025 تا 26 میں تقریباً 48 ارب روپے کی آمدن کی توقع ہے۔

 ماہرین کے مطابق لیوی میں مسلسل اضافے کا بوجھ بہرحال عوام پر پڑے گا اور مہنگائی میں مزید اِضافہ بھی ممکن ہے۔