
رہنما پیپلز پارٹی سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نہ صرف یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے بلکہ ان کا معاشی قتل کسی بھی صورت قبول نہیں کرے گی۔
یہ موقف انہوں نے آل پاکستان ورکرز الائنس کے سیکرٹری جنرل سید عارف حسین شاہ اور ان کے وفد سے ملاقات کے دوران اختیار کیا۔ ملاقات میں سید عارف حسین شاہ نے یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش اور اس سے ملازمین اور عوام کو پیش خطرات پر تفصیل سے بریفنگ دی۔
یہ بھی پڑھیں: ریحانہ ڈار کا جیل سے رہائی کے بعد بیان سوشل میڈیا پر وائرل
سید خورشید شاہ نے کہا کہ یوٹیلٹی اسٹورز پر پابندی براہِ راست غریب عوام کے روزمرہ ضروریات تک سستی رسائی کو ختم کر دے گی جو کسی بھی طور قبول نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس حوالے سے وزیر اعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر دیا ہے تاہم وزیر خزانہ کی وطن واپسی پر حکومتی کمیٹی کے ساتھ اس معاملے پر مزید بحث ہوگی۔
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش کا فیصلہ فوری طور واپس لیا جائے تاکہ نہ صرف ملازمین کے روزگار کا تحفظ ہو بلکہ غریب عوام کے لیے سستی اشیاء کی فراہمی بھی جاری رہ سکے۔