این ڈی ایم اے کا اربن فلڈنگ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ پر انتباہ
NDMA weather alert
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 3 اگست تک ملک بھر میں ممکنہ موسمی خطرات پر الرٹ جاری کر دیا۔

جاری کردہ رپورٹس کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ، ندی نالوں میں طغیانی، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیر پھٹنے سے سیلاب جیسے خطرات موجود ہیں۔

ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ اور خوشاب میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ بین، بسنتر اور ڈیگ نالوں کے بہاؤ میں بھی خطرناک حد تک اضافے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلاف) سے سیلابی کیفیت پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے،جبکہ چترال، دیر، سوات، کالام، مانسہرہ، بٹگرام، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، مردان، پشاور اور چارسدہ میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

دوسری جانب کوہاٹ، ہنگو، بنوں، لکی مروت اور ڈی آئی خان میں بھی موسلا دھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جہاں نشیبی علاقوں میں اچانک سیلاب جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے امکانات موجود ہیں۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ ضلعی و صوبائی اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات کریں اور ہنگامی صورتحال میں عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔