پی ٹی آئی کا 5 اگست کیلئے پلان بی سامنے آگیا
PTI protest plan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست کو احتجاجی جلسے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں پلان بی پر عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق اگر حکومت کی جانب سے لاہور میں بڑے اجتماع یا جلسے کی اجازت نہ ملی تو پارٹی پنجاب کے تمام حلقوں میں الگ الگ احتجاج کرے گی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر حلقے میں ہونے والے احتجاج کی ویڈیوز مرکزی قیادت کو ارسال کی جائیں گی، تاکہ احتجاج کا دائرہ منظم انداز میں پھیلایا جا سکے۔ علاوہ ازیں 5 اگست کے بعد بڑے شہروں میں احتجاجی مظاہروں کی کال بھی دی جائے گی۔

پارٹی قیادت کی جانب سے ڈویژنل تنظیمات اور ٹکٹ ہولڈرز کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنے متعلقہ حلقوں میں احتجاج کی منصوبہ بندی مکمل کریں۔ اس کے ساتھ ہی یوسی سطح پر تنظیم سازی بھی تیز کر دی گئی ہے، تاکہ 5 اگست سے پہلے تمام تیاریاں مکمل ہوں اور قیادت کو رپورٹ پیش کی جا سکے۔

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ جو عہدے دار احتجاج سے گریز کریں گے یا غیر فعال رہیں گے، ان کیخلاف انضباطی کارروائی کی جائے گی۔ پارٹی میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:احتجاج بارے حکمت عملی کا اعلان یکم اگست کو ہوگا: جنید اکبر

دوسری جانب پنجاب حکومت کی جانب سے مینارِ پاکستان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو جلسے کی اجازت ملنے کے امکانات انتہائی کم ہیں۔ اسی پس منظر میں ہی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے متبادل حکمت عملی تیار کر لی ہے تاکہ حکومت کی ممکنہ پابندیوں کے باوجود احتجاج رُک نہ سکے۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی یہ حکمت عملی آنے والے دنوں میں پنجاب کی سیاست میں ایک نئی ہلچل پیدا کر سکتی ہے۔