
خاور فرید مانیکا اور بشریٰ بی بی کے بیٹے موسیٰ مانیکا کو آج پاکپتن میں سینئر سول جج مسعود احمد آفریدی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
دوران سماعت پولیس کی جانب سے مؤقف اپنایا گیا کہ موسیٰ مانیکا اقدام قتل کے مقدمے میں گرفتار ہے، موسی مانیکا نے گزشتہ روز اپنے ملازم علی بہادر کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔
ڈی پی او کے مطابق موسیٰ مانیکا سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے ، فائرنگ سے زخمی ہونے والا علی بہادر معجزانہ طورپر بچ گیا ،گولی علی بہادر کی ٹانگ پر لگی جس کے بعد وہ ساہیوال ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملازم پر فائرنگ، بشریٰ بی بی کا بیٹا موسی گرفتار
بعدازاں عدالت نے ملزم موسیٰ مانیکا کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ منظور کر کے جیل بھیجنے کا حکم جاری کردیا، ملزم موسیٰ مانیکا کو 31 جولائی کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بشریٰ بی بی کے بیٹے موسیٰ مانیکا نے کام تاخیر سے کرنے پر ملازم کو فائرنگ کر کے زخمی کردیا تھا ، ڈی پی او پاکپتن جاوید چدھڑ نے واقعہ کا سخت نوٹس لیا، پاکپتن پولیس نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم موسیٰ مانیکا کو گرفتار کرلیا۔