
محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے 17 جولائی کے دوران کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا امکان ہے،مظفر آباد، راولاکوٹ، کوٹلی، بھمبر، نیلم اور باغ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ شدید بارش متوقع ہے۔
موسم کا احوال بتانے والوں کے مطابق دیامیر استور، غذر، سکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے اور شگر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا میں 14 جولائی کی رات سے 17 جولائی کے دوران مختلف مقامات پر بارش کی توقع ہے، دیر، سوات، چترال، مالاکنڈ، بونیر، کوہاٹ اور لکی مروت میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، مہمند، خیبر، وزیرستان، مانسہرہ، پشاور، مردان ، ایبٹ آباد اور کرک میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں مون سون بارشوں کا زور برقرار، سیلابی خدشات بڑھ گئے
جڑواں شہروں اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی 14 جولائی سے 17 جولائی کے درمیان شدید بارشیں موقع ہیں،اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، چکوال، جہلم، اٹک، منڈی بہاؤالدین، گجرات اور گوجرانوالہ میں بھی بادل برسیں گے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت شیخوپورہ، سیالکوٹ، ساہیوال، نارووال، جھنگ، ننکانہ، فیصل آباد، چنیوٹ اور اوکاڑہ میں بھی بارش رنگ جمائے گی، سرگودھا، بھکر، میانوالی، بہاولنگر، لودھراں اور مظفر گڑھ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، ژوب ، قلعہ سیف اللہ ، زیارت ، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، سبی، بولان، قلات اور لسبیلہ میں بھی 14 سے 16 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح سندھ کے مختلف اضلاع تھرپارکر، میرپور خاص، سانگھڑ، سکھر، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد، خیرپور اور شہید بینظیر آباد میں بادل برسیں گے جبکہ اس دوران کراچی میں ہلکی بوندا باندی کا بھی امکان ہے۔