
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی صوبے کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کے مطابق اس وقت پنجاب کے بیشتر دریا اور ندی نالے نارمل بہاؤ پر ہیں، تاہم دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے جہاں پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 26 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب چناب، راوی، جہلم، ستلج اور راجن پور ہل ٹورنٹس میں صورتحال قابو میں ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے وڈور رودکوہی سے اونچے درجے کا سیلابی ریلا گزر رہا ہے، جس کے باعث ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں۔ عوام کو بارشوں کے دوران ندی نالوں اور دریاؤں کے قریب جانے سے اجتناب کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف اضلاع میں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی، اوکاڑہ میں 72 ملی میٹر، ساہیوال 66، ڈیرہ غازی خان 51، میانوالی 38، بہاولپور 36، کوٹ ادو 33، گوجرانوالہ 30، لیہ 23 اور مری میں 22 ملی میٹر بارش شامل ہے۔