
خواتین کیلئے بغیر محرم حج پر جانے کی راہ ہموار ہونے سے ہزاروں خواتین کو سہولت ملے گی، جبکہ حج اخراجات کو قسطوں میں ادا کرنے کی اسکیم پر بھی غور جاری ہے۔
اس بات کی تصدیق وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کے اجلاس میں کی۔
کمیٹی اجلاس کی صدارت چیئرمین عامر ڈوگر نے کی، جس میں سردار یوسف نے حج 2025ء کی کامیابی اور آئندہ پالیسیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی حکومت کی جانب سے پاکستان کو پہلی مرتبہ ایکسلینس ایوارڈ دیا گیا، جو انتظامات کے معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
سردار یوسف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اس سال اپنے حاجیوں کیلئے کئی نئی سہولیات فراہم کیں جن میں ائر کنڈیشنڈ خیمے، جدید ٹرانسپورٹ اور فوری شکایت حل کرنے کا نظام شامل ہے۔ حاجیوں کی جانب سے فیڈبیک انتہائی مثبت رہا اور شکایات کا فوری ازالہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:امارات ایئرلائن کا پاکستان میں انٹرویوز کا اعلان
ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایات پر آئندہ حج کے انتظامات سعودی تعلیمات کے مطابق کیے جائیں گے، اور نئی حج پالیسی کی تیاری جاری ہے جس کے لیے کمیٹی ارکان سے تجاویز بھی طلب کی گئی ہیں۔
اجلاس کے دوران چیئرمین کمیٹی نے مثالی حج انتظامات پر وزارت مذہبی امور کی ٹیم کو مبارکباد دی اور تجویز دی کہ حج 2026ء کیلئے بھی اسی معیار کے انتظامات کیے جائیں۔