امارات ایئرلائن کا پاکستان میں انٹرویوز کا اعلان
Emirates cabin crew jobs
فائیل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) دبئی کی معروف ایئرلائن امارات کا پاکستان میں کیبن کریو کی بھرتی کے لیے دو شہروں میں انٹرویوز کا اعلان

تفصیلات کے مطابق ایئرلائن 19 جولائی کو کراچی اور 21 جولائی کو اسلام آباد میں بھرتی کے انٹرویوز منعقد کرے گی۔ انٹرویوز جو صبح 9 بجے شروع ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق امارات ایسے افراد کی تلاش میں ہے جو مہمان نوازی، مثبت رویے اور ٹیم ورک کے جذبے سے سرشار ہوں۔ درخواست دہندگان کے لیے بنیادی شرائط میں انگریزی زبان میں روانی، کم از کم 21 سال عمر، 160 سینٹی میٹر قد اور بازو اٹھا کر 212 سینٹی میٹر تک پہنچنے کی صلاحیت شامل ہے۔ امیدواروں کے لیے کم از کم تعلیم ہائی اسکول (گریڈ 12) ہونی چاہیے جبکہ ایک سال کا مہمان نوازی یا کسٹمر سروس کا تجربہ بھی ضروری ہے۔

مزید برآں یونیفارم میں نظر آنے والے ٹیٹوز قابل قبول نہیں ہوں گے اور درخواست دہندگان کو متحدہ عرب امارات کے ویزا قواعد پر بھی پورا اترنا ہوگا۔ امارات ایسے افراد کو ترجیح دے گی جو پیشہ ورانہ انداز، خوش اخلاقی اور شائستگی کے ساتھ مختلف ثقافتوں میں کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں تبدیلی متوقع

واضح رہے کہ امارات کی جانب سے کامیاب امیدواروں کو پرکشش معاوضہ پیکج کی پیشکش کی جائے گی۔ جس میں 4,835 درہم ماہانہ بنیادی تنخواہ، فی گھنٹہ 66.30 درہم کے حساب سے فلائنگ الاؤنس (ماہانہ اوسطاً 80 سے 100 گھنٹے) اور مجموعی طور پر تقریباً 10,802 درہم ماہانہ آمدنی شامل ہے۔ اس کے علاوہ رات کے قیام کے دوران کھانے کا الاؤنس، مفت فرنشڈ رہائش، ایئرپورٹ اور ہوٹلز تک ٹرانسپورٹ، سالانہ 30 دن کی چھٹی، اور سال میں ایک بار آبائی ملک کے لیے مفت ٹکٹ بھی فراہم کیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ساتھ، کامیاب امیدواروں کو مکمل طبی اور ڈینٹل سہولیات، 24 گھنٹے عالمی انشورنس، اور کنٹریکٹ کی بنیاد پر اختتامی سروس بینیفٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔

منتخب امیدواروں کو دبئی میں امارات کے تربیتی مرکز میں ساڑھے سات ہفتے کی سخت اور معیاری تربیت دی جائے گی، جس میں حفاظت، اعلیٰ معیار کی سروس اور پرواز کے دوران عمل درآمد کے اصول شامل ہوں گے۔

یاد رہے کہ امارات دنیا کی ان چند ایئرلائنز میں شمار ہوتی ہے جو نہ صرف عالمی سطح پر بہترین سروس فراہم کرتی ہیں بلکہ مختلف ممالک کے ہزاروں ملازمین کو روزگار کے مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔