سینئر اینکر پرسن مہر بخاری کی والدہ انتقال کر گئیں
ملک کی معروف اور سینئر اینکر پرسن مہر بخاری کی والدہ ثمینہ احمد بخاری گزشتہ روز انتقال کر گئیں
ملک کی معروف اور سینئر اینکر پرسن مہر بخاری کی والدہ ثمینہ احمد بخاری کا گزشتہ روز انتقال ہوا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) ملک کی معروف اور سینئر اینکر پرسن مہر بخاری کی والدہ ثمینہ احمد بخاری گزشتہ روز انتقال کر گئیں۔ ان کی نماز جنازہ کیولری گراؤنڈ لاہور میں ادا کی گئی، جس میں صحافی برادری، سیاسی و سماجی شخصیات سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد مرحومہ کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ مہر بخاری کی والدہ کی وفات پر ملک بھر کی صحافتی، سیاسی اور عوامی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ معروف صحافیوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے تعزیتی پیغامات بھی دیے اور مرحومہ کی مغفرت کے لیے دعا کی۔

مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے رسم قل و قرآن خوانی آج بعد نماز ظہر ان کی رہائش گاہ، ہاؤس نمبر 38، سٹریٹ نمبر 2، کیولری گراؤنڈ لاہور میں ادا کی جائے گی، جہاں عزیز و اقارب، دوست احباب اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: موٹروے پر تیز رفتار بس الٹ گئی، 5 مسافر جاں بحق، 41 زخمی

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مہر بخاری کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماں کا سایہ زندگی کی سب سے بڑی نعمت ہوتا ہے، جس کا جانا ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے مرحومہ کے بلند درجات کے لیے دعا کی اور مہر بخاری اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے بھی اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ماں کا بچھڑنا ایک ایسا صدمہ ہے جس کی تکلیف عمر بھر محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہر بخاری کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر جمیل عطا فرمائے۔

واضح رہے کہ مہر بخاری پاکستان کی صحافت میں ایک معروف نام ہیں، اور ان کی والدہ ثمینہ احمد بخاری ایک باوقار اور عزت دار شخصیت کے طور پر جانی جاتی تھیں۔