
پارٹی ذرائع کے مطابق انہیں اچانک شدید طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
ایم کیو ایم کے سینئر رہنما قاسم علی رضا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹروں نے الطاف حسین کا تفصیلی طبی معائنہ کیا ہے جس میں بلڈ ٹیسٹ، ای سی جی، سی ٹی اسکین، ایکسرے اور الٹرا ساؤنڈ شامل ہیں،انہیں ادویات دی جا رہی ہیں اور ان کا بلڈ ٹرانسفیوژن بھی کیا گیا ہے۔
قاسم علی رضا نے مزید کہا کہ الطاف حسین گزشتہ کئی برسوں سے شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں، جس کی بنیادی وجوہات پاکستان اور لندن میں جاری قانونی مقدمات، بدلتی سیاسی صورتحال اور بڑھتی مالی مشکلات ہیں۔ ان عوامل نے ان کی جسمانی اور ذہنی صحت کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مسلم لیگ ن کی مولانا کو سینیٹ الیکشن پر اتحاد کی پیشکش
پارٹی قیادت اور کارکنان ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں جبکہ لندن میں موجود ان کے قریبی ساتھی اسپتال میں موجود ہیں۔
الطاف حسین کی موجودہ حالت نے ان کے مستقبل کے سیاسی کردار پر بھی سوالات اٹھا دیے ہیں، تاہم پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ مکمل صحتیابی کے بعد اہم اعلانات کر سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ الطاف حسین اس وقت ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں اور ان کی حالت کے بارے میں مزید اطلاعات جلد جاری کی جائیں گی۔