مسلم لیگ ن کی مولانا کو سینیٹ الیکشن پر اتحاد کی پیشکش
PML-N JUI-F talks
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کیلئے سیاسی جماعتوں کے درمیان رابطے تیز،مسلم لیگ ن نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کو مل کر سینیٹ الیکشن لڑنے کی باقاعدہ پیشکش کر دی۔

رانا ثناء اللہ کی سربراہی میں حکومتی وفد نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی، جس میں انتخابی اتحاد پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ملاقات کا ایجنڈا خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی نشستوں پر مشترکہ حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔ ن لیگ کے وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر جے یو آئی اور ن لیگ مل کر الیکشن لڑیں تو بہتر نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سیاسی اتحاد سے اپوزیشن کو سینیٹ میں زیادہ نمائندگی حاصل ہو سکتی ہے۔

دوسری جانب مولانا فضل الرحمان نے پیشکش کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے تجویز دی کہ اس معاملے میں پاکستان پیپلز پارٹی کو بھی ساتھ ملانا ضروری ہے تاکہ اتحاد مزید مضبوط ہو۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس تجویز کو جے یو آئی کی پارلیمانی پارٹی کے سامنے رکھیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں توسیع

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کا اگلا ہدف پیپلز پارٹی سے باضابطہ ملاقات ہے، اور اگر پی پی پی نے بھی اتحاد پر آمادگی ظاہر کی تو تینوں بڑی جماعتیں خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات مل کر لڑیں گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اپوزیشن کا ووٹ تقسیم نہ ہو اور زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کی جا سکیں۔

سیاسی ماہرین کی جانب سے اس پیشرفت کو آئندہ انتخابات کی بڑی سیاسی صف بندی قرار دیا جارہا ہے۔