پی ٹی آئی نے احتجاجی تحریک کا سلوگن جاری کردیا
 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے احتجاجی تحریک کا سلوگن جاری کردیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے احتجاجی تحریک کا سلوگن جاری کردیا۔

پی ٹی آئی پنجاب کی صدر عالیہ حمزہ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری ایک پیغام میں لکھا کہ "احتجاجی تحریک کا سلوگن ، آزاد کروا کر دم لیں گے"۔

دوسری جانب بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان کی پاکستان آمد اور احتجاجی تحریک کی تیاریوں کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس آج رات طلب کر لیا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی کے ارکان کو بذریعہ زوم اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی پاکستان آمد کی صورت میں احتجاجی حکمت عملی کو حتمی شکل دئیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ کور کمیٹی اجلاس میں خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے معاملے پر پارٹی میں اختلافات پر بھی غور کیا جائے گا، اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے احتجاجی تحریک کے پہلے مرحلے پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کی صحت سے متعلق اہم خبر

خیال رہے کہ اس سے قبل ترجمان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے سنو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پانچ اگست کو ہم اپنے حلقوں میں احتجاج کریں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 5 اگست کو اسلام آباد آنے سے منع کیا ہے، خان کا فیصلہ حتمی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف حکومت کے ساتھ مذاکرات نہیں کرے گی، اس وقت پاکستان تحریک انصاف نہ بیک ڈور مذاکرات ہوں گے نہ ہی فرنٹ ڈور مذاکرات کیے جائیں گے، مستقبل میں پاکستان تحریک انصاف مذاکرات صرف اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کرے گی۔

یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پارٹی قیادت کو عاشورہ محرم کے بعد احتجاجی تحریک شروع کرنے کی ہدایت کی تھی، عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ احتجاجی تحریک کو جیل سے خود لیڈ کروں گا۔