سپریم کورٹ نے پی ٹی سی ایل ملازمین کو بڑا ریلیف دے دیا
سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی سی ایل (پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ) کے سابق ملازمین کو بڑا ریلیف دے دیا
سپریم کورٹ آف پاکستان/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی سی ایل (پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ) کے سابق ملازمین کو بڑا ریلیف دے دیا۔

چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس امین الدین خان پر مشتمل بینچ نے پنشنرز کے حق میں فیصلہ سنایا، جبکہ جسٹس عائشہ ملک نے اختلافی نوٹ لکھا۔ یہ فیصلہ ایک تین رکنی بینچ نے سنایا، جس نے تقریباً پونے دو سو سے زائد اپیلوں اور درخواستوں کی تفصیلی سماعت کے بعد اپنا فیصلہ جاری کیا۔

فیصلے کے مطابق، پی ٹی سی ایل کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ 90 دن کے اندر اندر پنشن کی ادائیگی کا ایک باقاعدہ شیڈول ترتیب دے اور اس شیڈول کے مطابق ادائیگیوں کا آغاز کیا جائے۔ عدالت نے واضح کیا کہ ادارے کو پنشن کی رقم ادا کرنی ہی ہوگی، اور یہ ذمے داری کسی صورت نظرانداز نہیں کی جا سکتی۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کی مولانا کو سینیٹ الیکشن پر اتحاد کی پیشکش

عدالت نے مزید قرار دیا کہ پنشن کی رقم میں نظر ثانی وفاقی حکومت کے اصول و ضوابط کے مطابق کی جائے گی تاکہ تمام پنشنرز کو ان کا حق مکمل طور پر دیا جا سکے۔ البتہ، عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ ملازمین جنہوں نے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ اسکیم (VSS) سے استفادہ کیا تھا، وہ پنشن کے حقدار نہیں ہوں گے۔

سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں اس بات پر بھی زور دیا کہ پنشن کی ادائیگی کا عمل شفاف، منصفانہ اور غیر جانبدار ہونا چاہیے تاکہ تمام متاثرہ پنشنرز کے جائز مطالبات کا ازالہ ہو سکے اور انہیں انصاف مہیا کیا جا سکے۔

یہ فیصلہ ملک بھر کے پی ٹی سی ایل پنشنرز کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے جو کئی برسوں سے اپنے حق کے لیے عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹا رہے تھے۔