گنے کی امدادی قیمت 600 روپے فی من کرنے کا مطالبہ
sugarcane farmers demand
فائل فوٹو
ملتان: (ویب ڈیسک) ملک میں چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر کسان برادری میں شدید ردعمل دیکھنے میں آیا ہے۔

کسان اتحاد کے چئیرمین چوہدری حسیب انور نے حکومت سے گنے کی امدادی قیمت 600 روپے فی من مقرر کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

ملتان میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چوہدری حسیب انور کا کہنا تھا کہ شوگر ملز مالکان نے رواں سیزن میں کسانوں سے انتہائی کم نرخوں پر گنا خریدا، لیکن اب مارکیٹ میں چینی کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ یہ کھلا استحصال ہے، کسان کو اس کا جائز حق دیا جائے۔

واضح رہے کہ کسان تنظیموں کا مؤقف ہے کہ موجودہ گنے کی قیمت کسانوں کے اخراجات پورے کرنے کیلئے ناکافی ہے۔ کھاد، بیج، زرعی ادویات اور پانی جیسے بنیادی وسائل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود گنے کی قیمت نہیں بڑھائی گئی، جس سے کسان شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:لاہور حفیظ سینٹر میں خوفناک آتشزدگی

چوہدری حسیب انور نے حکومت سے فوری اقدامات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر گنے کی امدادی قیمت میں اضافہ نہ کیا گیا تو کسان احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

دوسری جانب کسان اتحاد نے کی جانب سے بھی اعلان کیا گیا ہے کہ وہ اس مطالبے کے لیے جلد ملک گیر تحریک کا آغاز کریں گے۔

ذہن نشین رہے کہ حالیہ دنوں میں چینی کی فی کلو قیمت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس پر عوامی حلقوں کے ساتھ ساتھ کسان بھی شدید تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔