پی ٹی آئی کا احتجاجی پلان سامنے آگیا
Pakistan Tehreek e Insaf party logo
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے عمران خان کی خصوصی ہدایت پر ایک بار پھر سڑکوں پر نکلنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سیاسی کمیٹی نے احتجاجی پلان کی منظوری دے دی ہے، جو کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے صدور کی سفارشات کی روشنی میں تیار کیا گیا ہے۔

مرتب کردہ پلان کے مطابق اس بار اسلام آباد کی طرف مارچ یا دھرنے کی بجائے،پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر صوبائی حلقے میں الگ احتجاج ہوگا تاکہ مقامی سطح پر زیادہ سے زیادہ عوام کو متحرک کیا جا سکے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق ہر حلقے میں احتجاج کی قیادت متعلقہ ایم پی اے کرے گا، جب کہ مقامی ایم این اے اور دیگر قائدین ان کی مکمل معاونت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کو دل کی تکلیف، ہسپتال منتقل

سیاسی کمیٹی نے تمام ایم پی ایز اور پارٹی قیادت کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے حلقوں میں عوامی رابطہ مہم شروع کریں اور احتجاج کی بھرپور تیاری کریں۔

ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیٹرن انچیف کی ہدایت پر 5 اگست کو بڑا احتجاجی دن ہوگا اور ان کے اشارے پر ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف سڑکوں پر ہوگی۔ اس مقصد کیلئے پارٹی نے مقامی سطح پر تنظیمی ڈھانچے کو متحرک کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ احتجاج ملک میں سیاسی ہلچل کو ایک نیا رخ دے سکتا ہے۔