
تفصیلات کے مطابق، ثمر ہارون بلور وزیر اعظم شہباز شریف سے اسلام آباد میں ملاقات کریں گی جس کے بعد وہ باقاعدہ طور پر مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔ ان کے بیٹے دانیال ہارون بلور نے بھی اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دو روز قبل پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما امیر مقام ان کے گھر آئے تھے اور انہوں نے ثمر بلور کو ن لیگ میں شمولیت کی باضابطہ دعوت دی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: سلیمان اور قاسم احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں گے:علیمہ خان
دانیال ہارون بلور کے مطابق، امیر مقام نے اس ملاقات کے دوران نواز شریف سے ثمر ہارون بلور کی ٹیلیفونک گفتگو بھی کرائی، جس میں سابق وزیراعظم نے ان کا خیرمقدم کیا۔ نواز شریف کی حوصلہ افزائی اور مسلم لیگ ن کی سیاسی حکمت عملی سے متاثر ہو کر ثمر ہارون بلور نے پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
ثمر ہارون بلور کا تعلق ایک معروف سیاسی خاندان سے ہے۔ وہ شہید بشیر احمد بلور کی بہو اور شہید ہارون بلور کی بیوہ ہیں۔ ان کا خاندان خیبر پختونخوا کی سیاست میں نمایاں مقام رکھتا ہے اور اے این پی کے ساتھ ان کی دہائیوں پر محیط وابستگی ہمیشہ قابلِ ذکر رہی ہے۔ ثمر بلور نے ماضی میں پارٹی کی ترجمانی اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں اہم کردار ادا کیا۔