باپ نے بیٹی کو ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر قتل کر دیا
تھانہ روات کے نواحی علاقے ڈھوک چوہدریاں میں باپ نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کردیا
تھانہ روات کے نواحی علاقے ڈھوک چوہدریاں میں باپ نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کیا/ فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) تھانہ روات کے نواحی علاقے ڈھوک چوہدریاں میں باپ نے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ڈیلیٹ نہ کرنے پر غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کردیا۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

پولیس رپورٹ کے مطابق یہ دل دہلا دینے والا واقعہ تھانہ روات کی حدود میں واقع علاقے ڈھوک چوہدریاں تخت پڑی میں پیش آیا۔ پولیس نے ہیڈ کانسٹیبل شہباز انجم کیانی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔ ایف آئی آر کے مطابق مقتولہ کی شناخت ایک نوجوان لڑکی کے طور پر ہوئی ہے جو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر فعال تھی۔ والد اخلاق احمد نے اسے بارہا موبائل سے ٹک ٹاک اکاؤنٹ ختم کرنے کا کہا تھا، تاہم بیٹی نے اس مطالبے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت، فلیٹ سے لاش برآمد

ذرائع کے مطابق، اس انکار پر والد اخلاق طیش میں آگیا اور غصے میں آ کر اپنی بیٹی پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی۔ واقعے کے بعد اخلاق احمد موقع سے فرار ہو گیا، اور اس کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور انصاف فراہم کیا جائے گا۔