آئندہ دو روز ملک بھر میں شدید بارشوں، سیلاب کا الرٹ جاری
نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں، سیلابی صورتحال اورممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں، سیلابی صورتحال اورممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔

این ڈی ایم اے مطابق ملک بھر میں آئندہ دو روز کے دوران شدید بارشوں کے باعث دریائے کابل، سندھ، چناب اور جہلم میں پانی کی سطح میں اضافہ متوقع ہے، دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پرنچلے درجے کے سیلاب کا اندیشہ ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دریائے چناب پر مرالہ اور خانکی جبکہ دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، دریائے سوات اور پنجکوڑہ کے ملحقہ ندی نالوں میں بھی بارشوں کے باعث طغیانی کا امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ممکنہ بارشوں کی صورت میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور کے پہاڑی نالوں ، ہل ٹورنٹس کے بہاؤ میں بھی شدید اضافہ متوقع ہے، بلوچستان کے اضلاع جھل مگسی، کچھی، سبی، قلعہ سیف اللہ، ژوب اور موسیٰ خیل کے مقامی ندی نالوں کے بہاؤ میں بھی شدید اضافے کا امکان ہے۔

ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور شیگرکے بہاؤ میں اضافہ جبکہ دریائے ہسپار، خنجراب، شمشال، برالدو، ہوشے اور سالتورو میں طغیانی کا خدشہ ہے، گلگت، سکردو، ہنزہ، استور، دیامر، گانچھے اور شگر میں لینڈ سلائیڈنگ کا اندیشہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مظفرآباد، نیلم ویلی، راولا کوٹ، حویلی اور باغ میں بھی شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے، این ڈی ایم اے اور متعلقہ ادارے صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہیں، بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارشیں،پولیس افسران الرٹ

این ڈی ایم اے کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں،ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیاء اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست رکھیں۔

ترجمان نے کہا کہ حساس علاقوں کے مکین ہنگامی صورتحال کے لیے 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں، مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں، سیلابی علاقوں کے مکین ٹی وی اور موبائل الرٹس کے ذریعے سرکاری اعلانات اور الرٹس سے آگاہ رہیں۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے رہنمائی لیں۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے صوبہ بھر میں موسلادھار بارش کی پیشگوئی ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔