
حادثے میں زخمی ہونے والے شہری غلام فرید نے بتایا کہ ہم بچوں کے لیے کھانا لینے جارہے تھے ،پیچھے سے گاڑی نے ٹکر مار دی، حادثہ کے بعد کچھ سمجھ نہیں آیا ،میرا دوسرا بھائی میرا دوست تھا ، ہمیں انصاف چاہیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میرے بھائی کی تین سال قبل شادی ہوئی اس کی ڈیڑھ سال کی بچی ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز ،آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور ڈی آئی جی سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔
متوفی ملک امین کی بہنوں نے کہا کہ خوشیوں کی جگہ اب ہمارے گھر میں آہ و پکار ہے ، ایک بھائی زخمی ہے ،ایک بھائی دنیا سے چلا گیا ، ہمیں خون کے بدلے خون چاہیے ۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور، کمسن بچے نے گاڑی چلاتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا
یاد رہے کہ گزشتہ روز لاہور کے علاقے شاہدرہ ٹاؤن میں 14 سالہ بچے نے گاڑی چلاتے ہوئے 3 موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا، حادثے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
پولیس نے بچے کو حراست میں لے کر حوالات میں بند کر دیا اور متوفی ملک امین کے بڑے بھائی ملک نوید کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا، ایف آئی آر میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔
اس افسوسناک واقعہ کے بعد آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعہ کا نوٹس لیا اور کم عمر ڈرائیورز کی ٹریفک خلاف ورزیوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے لاہور سمیت صوبہ بھر میں کم عمر ڈرائیورز کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کا حکم دے دیا۔