عمران خان کی رہائی کیلئے عوامی تحریک کا باقاعدہ اعلان
پاکستان تحریک انصاف سندھ نے عمران خان کی رہائی کے لئے پہلے سے جاری پارٹی کی آئینی، جمہوری اور عوامی تحریک کا باقاعدہ اعلان کر دیا
پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ انصاف ہاؤس کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف سندھ نے عمران خان کی رہائی کے لئے پہلے سے جاری پارٹی کی آئینی، جمہوری اور عوامی تحریک کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے انصاف ہاؤس کراچی میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ بھر میں عمران خان کی رہائی کے لئے پہلے سے جاری پارٹی کی آئینی، جمہوری اور عوامی تحریک کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں احساس اپنا گھر سکیم پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز

انہوں نے کہا کہ یہ تحریک پی ٹی آئی کے سرپرست اعلیٰ اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائی، پی ٹی آئی قیادت کی رہائی، آئین و قانون کی بحالی اور عوام کو حقیقی آزادی دلانے کے مقصد کے تحت شروع کی گئی ہے۔ تحریک کی ابتدائی سرگرمیوں میں عوامی رابطہ مہم، گھر گھر عمران خان کا پیغام پہنچانا، ہینڈ بلز کی تقسیم، وال چاکنگ، کارنر میٹنگز، احتجاجی ریلیاں اور بھوک ہڑتال جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ  عمران خان کو رہا کرو  کے عنوان سے صوبے بھر میں ریلیاں، دھرنے، انڈور و آؤٹ ڈور جلسے اور گرینڈ ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ صوبائی و ڈویژنل سطح پر آل پارٹیز کانفرنسز، سیمینارز اور بھوک ہڑتالی کیمپس بھی شروع کیے جائیں گے۔