خیبرپختونخوا میں احساس اپنا گھر سکیم پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز
 وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبرپختونخوا حکومت نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا، خیبرپختونخوا میں احساس اپنا گھر سکیم پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں خیبرپختونخوا حکومت نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا، کے پی کے میں احساس اپنا گھر سکیم پر عملدرآمد کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔

وزیر اعلی ہاؤس میں قرضوں کے چیکس تقسیم کرنے کے لئے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، وزیر اعلیٰ نے کامیاب درخواست دہندگان کو بلاسود قرضوں کے چیکس تقسیم کئے۔

سکیم کے تحت بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لئے صوبائی حکومت کی جانب سے چار ارب روپے مختص کئے گئے ہیں، سکیم کے تحت 18 سے 65 سال کی عمر تک کے وہ افراد قرض لینے کے اہل ہیں جن کی ماہانہ آمدنی ڈیڑھ لاکھ روپے سے کم ہو،سکیم کے تحت درخواست گزاروں کو 15 لاکھ روپے تک کے بلا سود قرضے دئیے جارہے ہیں۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ احساس اپنا گھر سکیم صوبائی حکومت کا ایک فلیگ شپ اور غریب پرور منصوبہ ہے، یہ سکیم کم آمدنی والے لوگوں کو اپنی چھت فراہم کرنے کے لئے عمران خان کے وژن کے حصہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سکیم کے عملی اجراءکو ممکن بنانے پر محکمہ ہاؤسنگ اور بینک آف خیبرکے حکام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، صوبے کے عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ صوبے کے معاشی مسائل بہت حد تک حل ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا مرحلہ وار احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم کی انتھک کوششوں سے صوبہ اب معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگیا ہے، ہم مزید اپنے وسائل بڑھائیں گے اور اپنے لوگوں پر خرچ کریں گے، ہر سیکٹر میں لوگوں کو سہولیات فراہم کریں گے اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عنقریب ہم مستحق گھرانوں کو سولر سسٹم کی فراہمی کے منصوبے کا بھی اجراء کر رہے ہیں، احساس اپنا گھر اور سولر سکیم میں سو فیصد شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا گیا ہے، میں عوام کا مشکور ہوں کہ انہوں نے اس سلسلے میں کسی سیاسی سفارش کا سہارا نہیں لیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ میں اراکین اسمبلی کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے اس سلسلے میں تعاون کیا، سفارشی کلچر کی وجہ سے عوام اور حکومت کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے، ہم نے عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لئے سفارش کلچر کا خاتمہ کرنا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ صوبے کے عوام کو معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لئے متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، نیو پشاور ویلی منصوبے پر پیشرفت تیزی سے جاری ہے، نئے مالی سال کے بجٹ میں صحت، تعلیم، پینے کے پانی اور انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کریں گے۔