
صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا جنید اکبر نے ریجنل قیادت کو ہفتے میں دو سے تین عوامی پروگرامز کے انعقاد کی ہدایت کر دی۔
جنید اکبر کا کہنا تھا کہ تمام ریجنز میں جلسوں، جلوسوں اور کنونشنز کا انعقاد متعلقہ ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈرز کی قیادت میں کیا جائے گا،ضلعی و تحصیل تنظیموں، مقامی ایم این ایز اور چیئرمینز کو احتجاجی تحریک میں مکمل تعاون کرنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
صدر پی ٹی آئی خیبرپختونخوا نے مزید کہا کہ تمام ذیلی ونگز بشمول انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن (آئی ایس ایف)، انصاف لائرز فورم، یوتھ، خواتین کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بانی نے 10 محرم کے بعد تحریک چلانے کی ہدایت کی ہے، علیمہ خان
یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے بھی قیادت کو عاشورہ محرم کے بعد حکومت مخالف احتجاجی تحریک شروع کرنے کی ہدایت کررکھی ہے۔
گزشتہ دنوں رہنما تحریک انصاف و رکن قومی اسمبلی نثار جٹ نے سنو نیوز کے پروگرام برعکس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ 10 محرم کے بعد تحریک انصاف سڑکوں پر ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت نے احتجاجی تحریک کی حکمت عملی مرتب کرلی ہے، فی الحال ہم اسلام آباد نہیں جارہے ، تمام حلقوں میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، جب پارٹی قیادت اسلام آباد جانے کی ضرورت محسوس کرے گی ہم ضرور جائیں گے، کوئی ہمیں اسلام آباد جانے سے نہیں روک سکے گا۔