بانی نے 10 محرم کے بعد تحریک چلانے کی ہدایت کی ہے: علیمہ خان
پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی عاشورہ کے بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
فائل فوٹو
راولپنڈی :(ویب ڈیسک) پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی عاشورہ کے بعد حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔

راولپنڈی کی مقامی عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے، انہیں صرف دو گھٹنے کیلئے سیل سے باہر لایا جاتا ہے، 22 گھنٹے وہ سیل میں گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قید عام قیدیوں سے بھی سخت ہے، انہیں کتابیں فراہم نہیں کی جارہیں، بیٹوں سے بات کرنے اور اہلخانہ سے ملاقات کی اجازت نہیں ملتی، عمران خان کو ذاتی معالج کی سہولت بھی میسر نہیں، بانی کے ذاتی معالج 10 ماہ سے ملاقات کی درخواستیں کررہے ہیں لیکن انہیں ملاقاتی کی اجازت نہیں ملتی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے کسی کو بھی ملاقات کی اجازت نہ ملی

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور نواز شریف کی قید میں بہت فرق ہے، عمران خان جیسی قید شاید ہی کسی نے پاکستان میں کاٹی ہو، عمران خان کو جیل کے چکی نما کمر ے میں رکھا گیا ہے، نواز شریف سے جیل میں ایک روز میں سو سو بندہ ملاقات کرتا تھا، نواز شریف کو تو ریسٹ ہاؤس میں رکھا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور عمران خان کی قید کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا، نواز شریف سے عمران خان کی ملاقات نہیں ہو سکتی، انہیں تو ان کی اپنی پارٹی لفٹ نہیں کرا رہی۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے عاشورہ کے بعد احتجاجی تحریک شروع کرنے کی ہدایت کی ہے، پارٹی قیادت نے احتجاج کا پلان تیار کر لیا ہے، ہماری جدوجہد ملک میں آئین و قانون کی بالادستی اور عمران خان کی رہائی کے لیے ہے۔