حکومت کی غلط پالیسیاں غربت میں اضافہ کررہی ہیں: مولانا فضل الرحمان
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیاں غربت میں اضافہ کررہی ہیں۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی غلط پالیسیاں غربت میں اضافہ کررہی ہیں۔

لاہور میں سربراہ جےیو آئی مولانا فضل الرحمان سے متحدہ ایکشن کمیٹی سرکلر روڈ کے وفد نے ملاقات کی ،تاجروں کی متحدہ ایکشن کمیٹی نے مولانا فضل الرحمان کو شاہ عالم مارکیٹ و سرکلر روڈ پر سات ہزار دکانوں ، پانچ سو گھروں کی ممکنہ مسماری پر بریفنگ دی۔

ایکشن کمیٹی نے مولانا فضل الرحمان سے لاکھوں افراد کا روزگار بچانے کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

وفد کا کہنا تھا کہ جےیو آئی نے ہمیشہ مظلوم کا ساتھ دیا ہے ، حکومت ہمارا روزگار چھیننا چاہتی ہے، مولانا فضل الرحمان کی طاقت اور سیاسی حکمت عملی کے سامنے حکومت بھی بےبس ہوجاتی ہے، ہم بھی مولانا فضل الرحمان سے تعاون چاہتے ہیں۔

سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے تاجروں کی متحدہ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کے لیے لاکھوں افراد کو بےروزگار کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ان کا کہنا تھا کہ جےیو آئی پوری قوت کے ساتھ تاجر برادری کے ساتھ کھڑی ہے،بجٹ میں ہر چیز کو مہنگا کردیا گیا غریب آدمی کی قوت خرید جواب دےرہی ہے،حکومت کی غلط پالیسیاں غربت میں اضافہ کررہی ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے تاجر برادری کو یقین دہانی کراتے ہوئے مزید کہا کہ جے یو آئی عنقریب اس اہم معاملے پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کرے گی۔