
ترجمان بچانی ہاوس کے مطابق عبد الستار بچانی کا شمار محترمہ بے نظیر شہید کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا تھا۔ وہ ایک سرگرم، وفادار اور نظریاتی کارکن کے طور پر جانے جاتے تھے جنہوں نے ہمیشہ پارٹی کی مشکل گھڑیوں میں بھی اس کا ساتھ نبھایا۔ وہ کئی اہم حکومتی اور پارلیمانی عہدوں پر فائز رہے اور سندھ کی سیاست میں ایک ممتاز حیثیت رکھتے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور: کمسن بچے نے گاڑی چلاتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کو کچل دیا
عبدالستار بچانی نہ صرف خود سیاست کے میدان میں فعال تھے بلکہ ان کے بیٹے، ذوالفقار ستار بچانی، بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رکن ہیں اور رکن قومی اسمبلی کی حیثیت سے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ باپ بیٹے کی یہ سیاسی وابستگی پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ ان کے خاندانی رشتے کی علامت سمجھی جاتی ہے۔
پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے ان کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو سراہا ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری، اور دیگر اعلیٰ قیادت نے بچانی خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
عبدالستار بچانی کی نماز جنازہ کل عصر کے وقت ان کے آبائی علاقے ٹنڈوالہیار میں ادا کی جائے گی، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، پارٹی کارکنان، اور عوام کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔ ان کی تدفین بھی مقامی قبرستان میں عمل میں آئے گی۔