لاہور سے سکردو کیلئے اڑان بھرنے والی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا
 لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سکردو کے لئے اڑان بھرنے والی نجی ائیر لائن کی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا ۔
فائل فوٹو
لاہور :(ویب ڈیسک) لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سکردو کے لئے اڑان بھرنے والی نجی ائیر لائن کی پرواز سے پرندہ ٹکرا گیا ۔

نجی ائیرلائن کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا کہ پرواز پی اے 481 نے لاہور سے سکردو کے لیے ٹیک آف کیا جس کے دوران طیارے سے پرندہ ٹکرانے کا واقعہ پیش آیا۔

ترجمان کے مطابق پرندہ ٹکرانے کے واقعہ کے فوری بعد پرواز کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر واپس اتار لیا گیا جبکہ مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا، پرواز میں 149 مسافر سوار تھے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اس واقعہ کے بعد لاہور سے سکردو جانے والی متاثرہ پرواز پی اے 481 کو منسوخ کردیا گیا ہے جبکہ سکردو سے لاہور کی پرواز آج اڑان نہیں بھرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: چلاس میں گرمی کا 28 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

ان کا کہنا تھا کہ تمام مسافر محفوظ ہیں، پرواز منسوخ ہونے کے سبب مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا جس کے لیے معذرت خواہ ہیں، ایئرلائن انتظامیہ اس بات کو ممکن بنائے گی کہ پرندہ ٹکرانے سے طیارے میں پیدا ہونے والی خرابی کو دور کر کے مسافروں کو جلد ازجلد منزل کی جانب روانہ کیا جا سکے۔

ایوی ایشن ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نجی ایئرلائن کی پرواز سے پرندہ ٹکرانے سے طیارے کے انجن نمبر 2 کے دو بلیڈز کو نقصان پہنچا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے باعث ایئرلائنز کو شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے لہٰذا اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔