کراچی: عمارت گرنے کے بعد ریسکیو آپریشن جاری، اموات 18 ہو گئیں
کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت گرنے کے واقعہ میں اموات کی تعداد 17 ہو گئی۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت گرنے کے واقعہ میں اموات کی تعداد 18 ہو گئی۔

گزشتہ روز کرا چی کے علاقے لیاری بغدادی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، پانچ منزلہ رہائشی عمارت اچانک زمیں بوس ہو گئی جس سے قریبی عمارتیں بھی متاثر ہوئیں۔

ذرائع کے مطابق افسوسناک واقعہ میں 17 افراد زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے، گزشتہ شب تک ریسکیو آپریشن کے دوران ملبے سے 14 جبکہ آج مزید چار لاشیں نکالی گئیں، جاں بحق افراد میں 7 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

ریسکیو ذرائع کا بتانا ہے کہ سرچ اینڈریسکیوآپریشن آج دوسرے روز بھی جاری ہے، ریسکیوٹیمیں ہیوی مشینری کے ساتھ ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں، ملبے تلے دبے افراد کی نشاندہی کیلئے ہیومن باڈی ڈیٹیکٹرز کا استعمال کیا جارہا ہے۔

ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کا کہنا ہے کہ آپریشن مزید چند گھنٹے جاری رہ سکتا ہے، اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں ہیوی مشینری کے ساتھ مصروف ہیں، ہیومن باڈی ڈکٹیکٹر کی مدد سے ملبے کی سرچ اینڈ اسکریننگ بھی کی جارہی ہے، ملبے میں دبے ہوئے افراد کو زندہ بچانے کے لیے احتیاط برتی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی، 5 منزلہ عمارت زمین بوس، 7 افراد جاں بحق، 8 زخمی

انہوں نے کہا کہ منہدم کے اطراف بھی متعدد عمارتیں مخدوش ہیں، مخدوش عمارتوں کے رہائشیوں سے بلڈنگ خالی کرالی گئی ہے، بلڈنگ کے مکینوں کی بحالی اور رہائش کیلئے بھی اقدامات کررہے ہیں، کچھ متاثرہ خاندان اپنے رشتہ داروں کے یہاں رہائش پذیر ہیں۔

ڈی سی ساؤتھ کا مزید کہنا تھا کہ ایسے خاندان جن کے پیارے ممکنہ طور پرملبے تلے دبے ہوئے ہیں وہ اپنی مرضی سے جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

دوسری جانب پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ سید نے بتایا کہ عمارت گرنے سے جاں بحق 16 افراد کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال لائی گئیں ،واقعے میں 10افراد زخمی ہوئے جن میں سے 6 کو ڈسچارج کردیا گیا ، 2 زخمیوں کی حالت بہتر ہے ایک زخمی کی تشویشناک حالت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک زخمی خاتون گزشتہ روز دوران علاج انتقال کرگئی تھیں، ابھی بھی 3 مریض داخل ہیں، سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذ ہے ۔