کراچی: 5 منزلہ عمارت زمین بوس، 7 افراد جاں بحق، 8 زخمی
Karachi building collapse
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) شہر قائد کے علاقے لی مارکیٹ میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک 5 منزلہ رہائشی عمارت اچانک زمین بوس ہو گئی، حادثے میں 7 افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہو گئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کا کام شروع کر دیا گیا۔ اب تک 6 زخمیوں کو نکال کر بینظیر بھٹو ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا ہے جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ عمارت میں تقریباً 20 فلیٹ تھے، اور خدشہ ہے کہ مزید افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ گلیوں کے تنگ ہونے کے باعث بھاری مشینری کو جائے وقوعہ تک پہنچانے میں مشکلات درپیش ہیں، تاہم ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں کہ متاثرہ افراد کو بحفاظت نکالا جائے۔

دوسری جانب میونسپل کمشنر لیاری نے انکشاف کیا کہ گرنے والی عمارت اصل میں 6 منزلہ تھی اور اس کے بنیادی ڈھانچے میں ممکنہ طور پر پہلے سے کمزوریاں موجود تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں بارشوں کا طوفانی اسپیل، الرٹ جاری

وزیر بلدیات سعید غنی نے واقعے کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ذمہ داران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے اور اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی قائم کر دی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اس افسوسناک واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو اداروں کو فوری، مؤثر اور منظم کارروائی کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ تمام دستیاب وسائل استعمال میں لاتے ہوئے ملبے تلے دبے افراد کو نکالا جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔