
پی ڈی ایم اے ترجمان عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں آج سے شدید بارشیں متوقع ہے، محرم جلوسوں کی انتظامیہ موسمی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے حفاظتی تدابیر اختیار کرے۔ مشرقی بلوچستان اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا بھی خدشہ ہے۔ دریائے سندھ، جہلم، چناب، راوی، ستلج، کابل اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کی آمد میں اضافہ متوقع ہے، شمالی اور وسطی پنجاب کے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کا طوفانی اسپیل، الرٹ جاری
ادھر درجہ حرارت میں اضافے کے بعد محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں گلیشیئر پگھلنے سے سیلاب کے خطرے کی وارننگ جاری کی ہے۔
دوسری طرف پری مون سون بارشوں کے باعث ڈیم بھرنے لگے ہیں اور قابل استعمال پانی کے ذخیرے میں 15 روز کے دوران 35 لاکھ 60 ہزار ایکڑ فٹ اضافہ ہوا ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 66 فٹ بلند ہونے کے بعد 1520 فٹ پر آگئی، منگلا ڈیم میں قابل استعمال پانی کے ذخیرے میں 4 لاکھ 90 ہزار ایکڑ فٹ اضافہ ہوا جو 30 لاکھ 19 ہزار ایکڑ فٹ پر پہنچ گیا۔