تحریک عدم اعتماد شوق سے لائیں حقیقت سامنے آجائیگی: علی امین گنڈاپور
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہماری حکومت مضبوط ہے ، کوئی بھی رکن کہیں نہیں جارہا، جسے شوق ہے وہ تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کرلے حقیقت اس کے سامنے آجائے گی۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہماری حکومت مضبوط ہے ، کوئی بھی رکن کہیں نہیں جارہا، جسے شوق ہے وہ تحریک عدم اعتماد لانے کا شوق پورا کرلے حقیقت اس کے سامنے آجائے گی۔

پشاور میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ بجٹ پاس نہ کرتے تو حکومت گئی تھی اور قصور ہمارا اپنا ہی ہوتا جبکہ مخالفین شادیانے بجاتے، ہمارے اپنے ہی ساتھیوں کا پروپیگنڈاتھا کہ بجٹ پیش نہ کرو اور پھر بجٹ پاس نہ کرنے کا شور شروع کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے پیٹرن انچیف کو جب بیرسٹرسیف نے بریفنگ دی تو انہوں نے بجٹ منظوری پر اطمینان کا اظہار کیا، بجٹ منظوری میں ہمارے صرف دو ارکان نے ووٹ نہیں دیا اور وہ سب کو معلوم ہے کہ کس کے بندے ہیں، صوبائی اسمبلی کے نئے ارکان کے حلف کے بعد معاملات سامنے آئیں گے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ اس وقت اسمبلی میں ہمارے تمام ارکان آزاد ہیں کوئی بھی پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر نہیں آیاکیونکہ آئینی بنچ کے فیصلے کے بعد سپریم کورٹ کا پہلا فیصلہ ختم ہوگیا، میں آزاد نہیں پی ٹی آئی کا رکن ہوں کیونکہ میں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں خود کو آزاد نہیں لکھا بلکہ اپنی پارٹی پی ٹی آئی کا نام لکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا سے سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ کی تاریخ مقرر

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سینیٹ کے 21جولائی کے انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی ، گورنر ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتا ،میں اپنے کاغذات نامزدگی کی بنیاد پر عدالت سے رجوع کرنےجارہاہوں تاکہ اس بنیاد پر ہمیں مخصوص نشستیں دی جائیں۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ سمگلنگ کی مؤثر روک تھام کے لیے پولیس، کسٹمز اور ایکسائز کی مشترکہ چیک پوسٹ کے قیام کے لیے مرکز کو خط لکھ رہاہوں ، میں نے ساڑھے گیارہ کروڑ کے بسکٹ نہیں کھائے بلکہ اس رقم سے وزیراعلیٰ ہاؤس وسیکرٹریٹ کے درجہ چہارم کے 400 ملازمین کو کھانا کھلایاگیاہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اگر اخراجات کرتاہوں تو میں نے ڈھائی سو ارب کی بچت بھی تو کی ہے ، بیوروکریسی کو کنٹرول میں رکھنا سیاسی لوگوں کا کام ہوتاہے اور ہم ایسا کرکے دکھائیں گے ، یہ نہیں کہتاکہ کرپشن ختم ہوگئی لیکن ہم نے اسے کنٹرول کرلیا ہے ، میں بارہ سال نہیں بلکہ اپنے دورحکومت کے 15 ماہ کا حساب دینے کا پابند ہوں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ کی بند صنعتوں کو چالو کرنے کے لیے سستی بجلی کی فراہمی کرنے جارہے ہیں۔