
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق خیبر پختونخوا سے ایوان بالا کی 11 نشستوں پر پولنگ 21 جولائی 2025 کو ہوگی، پولنگ صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک صوبائی اسمبلی بلڈنگ بلا تعطل جاری رہے گی۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے خیبرپختونخوا سے سینیٹ کی 7 جنرل ، 2 خواتین جبکہ 2 ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر الیکشن ہوگا، پولنگ جنرل، خواتین اور ٹیکنوکریٹ/علماء کی نشستوں کے لیے ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا سے سینیٹ انتخابات کے لیے 2 اپریل 2024 کا ملتوی شدہ نوٹیفکیشن بحال کردیا، ای سی پی کی جانب سے تمام ریٹرننگ آفیسرز، سینیٹ و صوبائی اسمبلی سیکرٹریز کو نوٹیفکیشن ارسال کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مخالفین ہمارے تین ارکان بھی نہیں توڑ سکتے، جنید اکبر
پولنگ کا اعلان گزٹ آف پاکستان میں شائع کر دیا گیا جبکہ الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل مکمل کرنے کی تیاریوں کا بھی آغاز کر دیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے سینیٹ الیکشن خیبر پختونخوا کا شفاف اور بروقت انعقاد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ادھر سیاسی حلقوں میں سینیٹ انتخابات کے حوالے سے سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں، مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد خیبرپختونخوا کا سیاسی درجہ حرارت بھی بڑھتا دکھائی دے رہا ہے، اس تناظر میں خیبرپختونخوا سے سینیٹ نشستوں کے لیے انتخابات دلچسپ صورتحال پیدا کریں گے۔