
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بنچ نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔
عدالت نے تحریری آرڈر میں سابق وزیراعظم عمران خان اور سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی اپیلوں پر آئندہ سماعت کی تاریخ نہیں دی ۔
عدالتی حکم میں لکھا گیا کہ ارشد جاوید ایڈووکیٹ نے بتایا کہ اُنہیں قومی احتساب بیورو (نیب ) کا اسپیشل پراسیکیوٹر مقرر کیا گیا ہے، نئے مقرر کردہ نیب پراسیکیوٹر نے تیاری کیلئے مناسب وقت مانگا، نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر کو تیاری کیلئے وقت دیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے کسی کو بھی ملاقات کی اجازت نہ ملی
یاد رہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں پیٹرن انچیف پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو 14 سال قید اور 10 لاکھ جرمانے جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
واضح رہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا معطلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔