بچوں پر شیر کا حملہ، عدالت کا شیر کو سفاری پارک منتقل کرنے کا حکم
عدالت نے شہریوں پر حملہ آور ہونے والے شیر کو سفاری پارک منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) عدالت نے شہریوں پر حملہ آور ہونے والے شیر کو سفاری پارک منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔

ماڈل ٹاؤن کچہری میں بچوں پر شیر کے حملے کے کیس کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے مقدمہ کی سماعت کی، محکمہ وائلڈ لائف نے حملہ آور شیر کو قبضے میں لیکر عدالت میں پیش کیا۔

وائلڈ لائف انسپکٹر نے عدالت کو بتایا کہ افریقی شیر کو 3 جولائی کی رات ملزم سے قبضے میں لیا گیا، ملزم نے افریقی شیر کو غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھا ہوا تھا۔

محکمہ وائلڈ لائف حکام نے عدالت سے استدعا کی کہ شیر کو سفاری پارک منتقل کرنے کی اجازت دی جائے جس پر مجسٹریٹ حسن سرفراز چیمہ نے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد شیر کی سفاری پارک منتقلی کا حکم دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں بارشوں کا طوفانی اسپیل، الرٹ جاری

یاد رہے کہ گزشتہ شب لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں شاہ دی کھوئی کے قریب شیر نے گلی میں کھیلتے کمسن ایک بچی اور بچہ پر حملہ کردیا تھا جس میں دونوں زخمی ہوئے تھے، رشتہ دار خاتون بچوں کو بچانے کے لیے آگے بڑھی تو اس پربھی شیر نے حملہ کرکے زخمی کردیا۔

بعدازاں لاہور پولیس نے شیر کے مالک ملزم شانی کو گرفتار کر کے اس کےقبضہ سے شیر بھی برآمد کرلیا تھا اور وائلڈ لائف کی ٹیم نے شیر کو اپنی تحویل میں لے لیا تھا۔

پولیس نے رات گئے ملک شانی ، ملک ناظم اور اس کے پانچ نا معلوم ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا ،مقدمہ میں اقدام قتل کی دفعات شامل کی گئی تھیں، پولیس نے مقدمہ محمد قیصر کی مدعیت درج کیا تھا۔

مقدمہ میں اقدام قتل، شیر کو قابو نہ رکھنے اور وائلڈ لائف ایکٹ کی دفعات بھی شامل ہیں۔