پنجاب میں مریم نواز راشن کارڈ اسکیم کا آغاز
Punjab ration card scheme 2025
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی راشن کارڈ اسکیم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔

صوبائی وزیر لیبر فیصل ایوب کھوکھر نے لاہور میں واقع پنجاب سوشل سیکیورٹی ہیڈ آفس میں پریس بریفنگ کے دوران تاریخی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام غریب و محنت کش طبقے کیلئے حکومت پنجاب کا انقلابی قدم ہے۔

فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ مریم نواز راشن کارڈ کی تقسیم کا آغاز صوبے کے مختلف اضلاع میں جولائی سے ہو چکا ہے، جس میں ساہیوال، ملتان، لاہور، قصور سمیت دیگر اضلاع شامل ہیں۔ اگلے 5 سے 6 ماہ میں راشن کارڈ کی تقسیم کا عمل پنجاب کے تمام اضلاع تک مکمل کر لیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہ وعدہ ہے جس کی تکمیل کا عوام کو شدت سے انتظار تھا، اور آج ہم اسے عملی جامہ پہنا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت پنجاب بھر کے 12 لاکھ ضرورت مند خاندانوں کو ہر ماہ کم از کم 3 ہزار روپے مالیت کا راشن فراہم کیا جائے گا۔ یہ کارڈ صرف رجسٹرڈ محنت کشوں کیلئے مخصوص ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر اس بات کی مانیٹرنگ کی جائے گی کہ کتنے افراد رجسٹرڈ ہوئے اور کتنے میں کارڈ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلدیاتی قانون میں تبدیلیوں کو حتمی شکل دینے کی تیاری

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور محکمہ لیبر کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، جنہوں نے نہ صرف راشن کارڈ کی تقسیم ممکن بنائی بلکہ محنت کش طبقے کی فلاح کیلئے دیگر اہم اقدامات بھی کیے۔

فیصل ایوب کھوکھر نے انکشاف کیا کہ جنرل باڈی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں میں ساڑھے پانچ ارب روپے کے جدید طبی آلات نصب کیے جائیں گے اور شام کی شفٹ میں او پی ڈی کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سوشل سیکیورٹی ہسپتالوں کی سہولیات اب پرائیویٹ ہسپتالوں سے بہتر ہوں گی، جس کے بعد محنت کشوں کو وہ علاج میسر آئے گا جس کے وہ حقدار ہیں۔