
پنجاب اسمبلی میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے اجلاس ہوا جس کی صدارت قائمہ کمیٹی برائے بلدیات کے چیئرمین پیر اشرف رسول نے کی، قائمہ کمیٹی برائے بلدیات کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تجاویز سامنے آئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تجویز دی گئی کہ پنجاب میں ضلع کی سطح پر قائم ہونے والی اتھارٹی کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر کی جگہ عوامی نمائندے ہوں گے، مجوزہ بلدیاتی قانون میں خواتین اور اقلیتی نمائندوں کے انتخاب براہ راست کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں یہ تجویز بھی سامنے آئی کہ بلدیاتی انتخاب میں حصہ لینے والے اقلیتی نمائندگان کا انتخاب براہ راست کیا جائے، یہ تجویز حکومتی رکن صوبائی اسمبلی اور چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے اقلیتی امور فیلبوس کرسٹوفر نے پیش کی۔
یہ بھی پڑھیں: پیپلزپارٹی کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا مطالبہ
ان کا کہنا تھا کہ اقلیتی نمائندوں کے براہ راست انتخاب سے عوامی مسائل فوری حل کرنے کے ساتھ حقیقی قیادت سامنے آئے گی، اقلیتی نمائندگان کے براہ راست انتخاب کیلئے صوبائی اسمبلی میں پہلے ہی اتفاق رائے موجود ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بلدیات کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ تجویز کثرت رائے سے منظور کرلی گئی،بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مجوزہ قانون قائمہ کمیٹی کو بھجوایا گیا تھا، قائمہ کمیٹی برائے بلدیات مجوزہ قانون کے حوالے سے آئندہ اجلاس میں حتمی رپورٹ منظوری کیلئے پیش کرے گی۔