
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے چترال، دیر، سوات اور کوہستان کی ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر الرٹ کر دیا ہے اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے متعلقہ اضلاع کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، بروقت وارننگ سسٹم، انخلا کی مشقیں اور ایمرجنسی سامان کی دستیابی یقینی بنانے کی تاکید کی ہے۔ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انخلاء کیلئے مقامات مخصوص کر دیے گئے ہیں جبکہ ریسکیو اداروں کو ہمہ وقت الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
دوسری جانب عوام کو ندی نالوں کے قریب غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور تیز بہاؤ والے پانی میں گاڑیاں لے جانے سے پرہیز کی ہدایت کی گئی ہے۔ سیاحوں کو بھی محتاط رہنے اور موسم کی صورتحال سے باخبر رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں بارشوں کا طوفانی اسپیل، الرٹ جاری
سڑکوں کی بروقت بحالی کیلئے این ایچ اے، ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو کو بھی پیشگی اقدامات کی بھی ہدایت جاری کردی گئی۔
پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
مزید برآں پی ڈی ایم اے نے عوامی آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے تاکہ ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات سے آگاہی دی جا سکے۔