
رہنما تحریک انصاف نثار جٹ نے سنو نیوز کے پروگرام برعکس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف ابھی اسلام آباد کا رخ نہیں کرے گی، تمام اراکین اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں احتجاج کریں گے۔
میزبان رانا مبشر نے سوال کیا کہ پاکستان تحریک انصاف جب بھی سڑکوں پر نکلی ہے اپنے مقاصد حاصل نہیں کر سکی کیا اس بار اپنے مقاصد میں کامیاب ہو گی؟
نثار جٹ کا کہنا تھا کہ ہم نے جب 24نومبر کو احتجاج کی کال دی تو تمام مرکزی شاہراہیں کنٹینر لگا کر بند کردی گئیں، پورا پنجاب بند کردیا گیا، سندھ اور خیبرپختونخوا کے زمینی رابطے منقطع کردیے گئے، یہی ہماری کامیابی تھی، یہ اتنے خوفزدہ تھے ساری سڑکیں بند کردیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بلاول بھٹو، مریم نواز اور جے یو آئی کے احتجاج ہوئے ہم نے کسی کا راستہ بند نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے 26 اراکین اسمبلی کیخلاف ریفرنس دائر
میزبان رانا مبشر نے سوال کیا کہ کیا اس بار احتجاج کے مقاصد پورے ہوں گے جس پر نثار جٹ کا کہنا تھا کہ کل ہماری پارلیمانی میٹنگ ہوئی، سب متفق تھے کہ احتجاج کرنا چاہیے، ہم ابھی سب کچھ پبلک نہیں کریں گے۔
نثار جٹ کا کہنا تھا کہ ابھی تک اسلام آباد آنے کا فیصلہ نہیں ہوا، جب ہم سمجھیں گے ہمیں اسلام آباد جانا چاہیے ہم ضرور جائیں گے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج کے پاکستان میں اگر کوئی آئین و قانون کی بالادستی کی بات کرنے والی کوئی جماعت ہے تو وہ تحریک انصاف اور عمران خان ہیں، اس ملک کی تاریخ میں جو بھی انتخابات ہوئے ان پر سوالات اٹھتے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوال یہ ہے سیاستدان کیوں ایسا ایجنڈا نہیں بناتے کہ انتخابات پر سوالات نہ اٹھیں، ہم نے انتخابات کی شفافیت کے لیے ای ووٹنگ کا انعقاد کیا، رجیم چینج کے بعد ای ووٹنگ مشین کو ختم کردیا گیا۔
نثار جٹ نے کہا کہ وفاق سے ہماری حکومت چھینی گئی، یہاں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، اگر آئین پر عملدرآمد شروع ہو جائے تو غیر یقینی کی صورتحال ختم ہو جائے۔