
کابینہ ڈویژن نے عاشورہ محرم کی چھٹیوں کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 5اور 6 جولائی کو( 9اور 10 محرم) کے موقع پر سرکاری تعطیلات ہوں گی، تعطیلات کا اعلان وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد کیا گیا۔
یوم عاشورہ کی تعطیلات کا مقصد عوام کو مذہبی اجتماعات میں شرکت اور حضرت امام حسین ابن علی رضی اللہ عنہ، ان کے اہل خانہ اور جانثار ساتھیوں کی قربانی کو یاد کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے، جنہوں نے میدانِ کربلا میں شہادت پائی۔
اس دوران تمام سرکاری و نجی ادارے بند رہیں گے تاکہ ان مقدس ایام کا مکمل احترام یقینی بنایا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں: اسپیکر ایاز صادق کا اضافی تنخواہ لینے سے انکار
دوسری جانب وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر محرم الحرام کی مناسبت سے صوبہ بھر میں سیف سٹیز کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت تمام اضلاع میں سمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے جلوسوں اور مجالس کی جدید کیمروں کے ذریعے 24/7 سرویلنس جاری ہے۔
ترجمان سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق لاہور سمیت تمام اضلاع میں ڈرون کیمروں سے جلوسوں اور حساس مقامات کی فضائی نگرانی کی جارہی ہے،جلوسوں و مجالس کی خصوصی سکیورٹی کیلئے صوبہ بھر میں 5 ہزار سے زائد اضافی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے راستوں پر اضافی پورٹ ایبل کیمرے نصب کر کے سکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے، لاہورسیف سٹی کیمروں کی لائیو سٹریم ، ڈی سی آفسز اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کنٹرول رومز سے منسلک کی گئی ہے، تمام اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کے کیمرے بھی سیف سٹی کنٹرول رومز سے منسلک کر دیئے گئے ہیں۔